۲۔ خُدا کون ہے؟ ایک عمومی اور بائبلی نظریہ
لغت میں خُدا کی تعریف:
اُردُو زبان کی ایک معتبر لغت فیروز اللغات کی رُو سے لفظ خُدا کا مطلب ہے ’’مالک ، آقا یا حاکم‘‘۔
عمومی نظریہ:
خُدا وہ ہے جس نے کائنات کو بنایا۔ خُدا ہمارا خالق ہے۔ خُدا کوئی بہت بڑی ہستی ہے جو ہمیشہ سے تھی اور ہمیشہ تک رہے گی یعنی خُدا ازل سے ہے اور ابدتک رہے گا جس کے لئے کہا جاتا تھا کہ
بائبل کیا فرماتی ہے؟
اگر کوئی یہ سوال کرے کہ خُدا کی ذات کو جاننے کا سب سے مستند اور معتبر ذریعہ کون سا ہے تو مَیں کہوں گا کہ بائبل مقدس۔ دُنیا مانتی ہے کہ بائبل مقدس دُنیا کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ یہ واحد کتا ب ہے جس میں خدا کی ذات کے وہ وہ مکاشفے درج ہیں جو آپ کو کہیں اَور نہیں ملیں گے اور کہیں ملیں گے بھی تو اُن کا کھرا واپس بائبل مقدس تک ہی آئے گا۔ بائبل مقدس خُدا کی کتاب ہے اِسی لئے ہم اِسے خُدا کا کلام کہتے ہیں۔ آئیے آج دیکھیں گے کہ بائبل مقدس خُدا کے بارے میں کیا بتاتی ہے۔ مَیں سمجھتا ہوں کہ بائبل مقدس کی رُو سے خُدا وہ ہے جس نے چھ دِن میں زمین و آسمان اور اُن کی ساری معموری کو بشمول انسان بنایا ۔ اور یہ سب کچھ اُس نے ایک خاص مقصد کے تحت بنایا تھا۔ خُدا وہ ہے جو اِس دُنیا کے لئے ایک ازلی منصوبہ رکھتا ہے اور اُسی منصوبے کے تحت اُس نے بنی نوع انسان کو اِس دُنیا میں بھیجا ہے اور اپنے اِسی منصوبے کے تحت وہ دُنیا کی عدالت بھی کرے گا۔